پاکستان

افغانستان کی صورتحال، عسکری قیادت کا اراکین پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

سینیٹ اور قومی اسمبلی کی دفاعی کمیٹیوں کے اراکین کل جی ایچ کیو جائیں گے ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی کمیٹیوں کی ملاقات ہوگی ، جب کہ ترجمان افواج پاکستان میجرجنرل بابر افتخار بھی بریفنگ میں شرکت کریں گے۔ ذرائع

اعلیٰ عسکری قیادت نے افغانستان کی صورتحال پر اراکین پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ اور قومی اسمبلی کی دفاعی کمیٹیوں کے اراکین کل جی ایچ کیو جائیں گے جہاں ملکی اعلیٰ عسکری قیادت اراکین پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے گی ، اس موقع پر سینیٹ کی دفاعی کمیٹی کی سربراہی مشاہد حسین سید کریں گے جب کہ قومی اسمبلی کی دفاعی کمیٹی کے سربراہ امجد علی خان ہوں گے ، کمیٹیوں کے اراکین کو کل صبح ساڑھے 9 بجے جی ایچ کیو پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ بریفنگ دینے کی درخواست دفاعی کمیٹیوں کی جانب سے کی گئی تھی ، جس کے بعد افواج پاکستان کی قیادت ملکی داخلی سلامتی اور افغان صورت حال پر بریفنگ دے گی ، اراکین کو بدلتی افغان صورت حال اور پاکستان کی پالیسی سے آگاہ کیا جائے گا ، اس حوالے سے سیکرٹری دفاع ، سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹری قومی سلامتی کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی کمیٹیوں کی ملاقات ہوگی ، جب کہ ترجمان افواج پاکستان میجرجنرل بابر افتخار بھی بریفنگ میں شرکت کریں گے ، اپنے دورہ جی ایچ کیو میں پارلیمانی کمیٹیوں کے اراکین یاد گار شہدا پر بھی حاضری دیں گے۔ علاوہ ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم دفاع کی مناسبت سے شُہداء ، غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ویڈیو جاری کردی ہے ، ترجمان پاک فوج نے کہا کہ گہرے سمندروں میں فرض نبھانے والا باپ ، بیٹے کیلئے سُپر ہیرو سے کم نہیں ، شہدائے پاکستان ہمارا فخر ہیں ، شہدا، غازیوں اور ان سے جڑے تمام رشتوں کو سلام پیش کرتے ہیں ، غیرمتزلزل عزم کے حامل غازیوں کو یوم دفاع کی مناسبت سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں
ئی ایس پی آر ایک مختصر ویڈیو بھی جاری کی، جس میں دکھایا گیا کہ نیوی افسر کے بیٹے کے اسکول میں سپرہیرو کا دن منایا جارہا ہے ، نیوی افسر کا بیٹا اپنے باپ کو سپر ہیرو مانتا ہے اور اپنی ماں سے نیوی کی وردی سلوا کر سپر ہیرو ڈے پر پہنتا ہے ، بچہ اپنے اسکول میں تمام کلاس فیلوز کو بتاتا ہے کہ میرے والد سپر ہیرو ہیں جو سمندر میں رہ کر دشمن سے لڑتے ہیں‌ اور کسی سے ڈرتے بھی نہیں ہیں ، آپ صرف میرے نہیں بلکہ پوری کلاس کے سپرہیرو ہیں۔
آئی ایس پی آر نے اپنی ویڈیو میں دکھایا کہ یہ ساری داستان بچے کی ماں سمندری حدود کی حفاطت پر مامور اپنے شوہر کے ساتھ ایک خط کے ذریعے شیئر کررہی ہیں ، اس دوران ویڈیو میں ’’ملی نغمہ وطن کی مٹی گواہ رہنا‘‘ بھی چلایا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button