بین الاقوامی

گاڑی خراب ہونے پر دلہن پولیس وین میں لفٹ لیکر چرچ پہنچ گئی

لندن: برطانوی شہر مانچسٹر میں ایک مصروف شاہراہ سے گزرتے ہوئے دلہن کی گاڑی اچانک خراب ہوگئی تاہم پولیس انسپکٹر نے دلہن اور اس کے اہل خانہ کو لفٹ دے کر چرچ پہنچا دیا۔

دلہا دلہن کورونا وبا کے باعث دو مرتبہ پہلے شادی ملتوی کر چکے تھے تاہم جب تیسری بار شادی کا ارادہ باندھا تو دلہن کی گاڑی خراب ہونے کی صورت میں رکاوٹ آڑے آگئی۔

دلہن کی گاڑی گھر سے پانچ کلو میٹر کا سفر کرنے کے بعد اچانک بیچ سڑک پر خراب ہوگئی۔ دلہن اور اس کے اہل خانہ گاڑی سے باہر نکل کر پریشانی میں سوچ رہے تھے کہ وہ بروقت چرچ کیسے پہنچ سکیں گے۔ اتنے میں نارتھ ویلز پولیس کے انسپکٹر کی ان پر نظر پڑی اور وہ ان کے پاس جا پہنچے۔

پولیس انسپکٹر نے پریشانی کی وجہ پوچھنے کے بعد دلہن اور اس کے اہل خانہ کو پولیس وین میں بیٹھایا اور بروقت چرچ پہنچا دیا جہاں شادی انجام پائی۔

نارتھ ویلز پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پولیس انسپکٹر اور دلہن کی تصویر شیئر کی اور دلہن کو شادی کی مبارکباد دی۔

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے بھی دلہا دلہن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ساتھ ہی پولیس انسپکٹر بھی تعریف کی۔

دلہن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کار خراب ہونے پر میں پریشان تھی کہ اب مجھے شاہراہ پر ہی کھڑا رہنا پڑے گا تاہم خوش قسمتی سے مجھے ایسا کرنے کی ضرورت پیش نہ آئی اور مدد کے لیے پولیس انسپکٹر آگئے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button