بین الاقوامی

برطانیہ کے خصوصی ایلچی کی ملا عبدالغنی برادر سے اہم ملاقات

برطانیہ کے خصوصی ایلچی سائمن گاس نے امارت اسلامیہ افغانستان کے نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر سے اہم ملاقات میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے مالی امداد کی پیشکش کی۔

برطانیہ کے خصوصی ایلچی سائمن گاس کی سربراہی میں ایک وفد نے طالبان کے نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم عبدالسلام حنفی اور وزیر خارجہ امیر اللہ متقی بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران برطانوی ایلچی نے افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے مالی امداد کی تقسیم اور ترسیل سے متعلق تبادلہ خیال کیا اور ملک کو شدت پسند عسکریت پسندوں کی آماج گاہ نہ بننے دینے کی یقین دہانی کو سراہا۔
برطانوی ایلچی نے طالبان قیادت سے درخواست کی کہ جو لوگ ملک چھوڑنا چاہتے ہیں انھیں محفوظ راستے فراہم کیے جائیں جب کہ اقلیتوں اور خواتین کے حقوق کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر نے افغان عوام کو مالی امداد کی فراہمی کی پیشکش پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امارت اسلامیہ اقلیتوں اور خواتین کو تحفظ اور شریعت میں حاصل حقوق فراہم کر رہی ہے۔

نائب وزیر اعظم نے مزید کہا کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی متعدد بار کراچکے ہیں۔ عالمی قوتیں بھی ہماری حکومت کو تسلیم کرکے منجمد فنڈز کی بحالی پر غور کریں۔

واضح رہے کہ ملاقات میں برطانوی ایلچی سائمن گاس کے ساتھ دوحہ میں افغانستان کے لیے برطانیہ کے مشن کے انچارج ڈی افیئرز بھی موجود تھے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button